For English Click

سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا شروع ہوگیا

فوٹو بشکریہ:ایس پی بی
لاہور: سپورٹس بورڈ پنجاب کے زیراہتمام انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا شروع ہوگیا، جمعرات کے روز بہاولپور میں پہلا ٹاکرا ہو ا جس میں بھارت، ایران اور پاکستان کی ٹیموں نے حصہ لیا، پہلے میچ میں پاکستان وائٹ نے پاکستان گرین جبکہ دوسرے میچ میں بھارت نے ایران کو شکست دیدی۔
بہاولپور اور اس کے گردونواح سے کبڈی شائقین ہزاروں کی تعداد میں ڈرنگ سٹیڈیم پہنچے اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی،سٹیڈیم پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا،افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے کہا کہ روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے دوردراز کے علاقوں میں اس طرح کے ایونٹس کرائیں گے تاکہ جہاں کا ٹیلنٹ ہو وہ اپنی مٹی سے ہی کامیابی کا سفر شروع کرے۔
سپورٹس بورڈ پنجاب ان سے مکمل تعاون کرے گا، افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور اور کمشنر بہاولپور نیئر اقبال تھے، اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی فاروق ملک، ڈائریکٹر سپورٹس حفیظ بھٹی، ڈپٹی ڈائریکٹر شاہد نظامی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر رئیس الرحمٰن، چیف کنسلٹنٹ شاہد فقیر ورک و دیگر بھی موجود تھے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ویژن کے مطابق روایتی کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے سپورٹس بورڈ پنجاب نے انٹرنیشنل کبڈی ٹاکرا کا اہتمام کیا، نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے بھارت اور ایران کی کبڈی ٹیموں کو پاکستان مدعو کیا گیا ، جمعرات کو’’ انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا ‘‘کا پہلا ٹاکرا بہاولپور میں ہوا ، جس میں پاکستان وائٹ نے پاکستان گرین کو 46-44 اور بھارت نے ایران کو 39-31سے شکست دیدی۔شائقین کبڈی نے شاندار کھیل پر کھلاڑیوں کو دل کھول کر داد دی۔ ڈرنگ سٹیڈیم شائقین سے کچھا کچھ بھرا ہوا تھا۔
مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے اپنے خطاب میں کہا کہ روایتی کھیل پنجاب کی پہچان ہیں، پنجاب حکومت روایتی کھیلوں کو زندہ رکھنے کے لئے اقدامات کررہی ہے، انٹر نیشنل کبڈی ٹاکرا میں غیرملکی ٹیموں کا آنا بہت بڑی کامیابی ہے، کبڈی کا کھیل بھارت اور ایران میں بھی مقبول ہے۔
غیر ملکی ٹیموں کے آمد سے ہمارے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا، غیرملکی ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں، ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور نے مزید کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے۔
کبڈی ٹاکرا بہاولپور میں منعقد کرانے کا مقصد بھی یہی ہے کہ دوردراز کے علاقوں میں موجود ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی ہو اور ان کو بھی آگے بڑھنے کا موقع مل سکے۔تقریب کے اختتام پر ڈی جی سپورٹس پنجاب ندیم سرور اور کمشنر بہاولپور نیئر اقبال نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔