For English Click

 ایشیئن سکواش ٹیم چیمپئن شپ جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزازمیں تقریب کا انعقاد

اسلام آباد: ایشیئن سکواش ٹیم چیمپئن شپ جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد سرینا ہوٹل اسلام آباد میں ہوا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان جو کہ پاکستان سکواش فیڈریشن کے صدر بھی ہیں اس موقع پر مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے پٹایا (تھائی لینڈ) میں ہونے والی چیمپئن شپ میں گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں نقد انعام تقسیم کیے۔فرحان ہاشمی، عباس زیب، حارث قاسم اور حمزہ خان پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے چیمپئن شپ میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 6سال بعد پاکستان کو اس چیمپئن شپ میں کامیابی سے ہم کنار کیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ ہمیں اپنے نوجوان کھلاڑیوں پر فخر ہے جنہوں نے ملک کو یہ اعزاز دلایا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے دو سالوں میں پاکستان سکواش نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر 27سونے ، 13چاندی اور 28کانسی کے تمغوں سمیت کل 68تمغے جیتے۔ انہوں نے نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت اور سہولیات فراہم کرنے پر کوچز کی سخت محنت کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان سکواش فیڈریشن کی پاکستان کی سکواش میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرنے کے لئے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف  کی۔